مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف اپنی انتخابی مہم کے چوتھے جلسے کے لیے جمعہ کو بورے والا پہنچ گئے۔
حافظ آباد، مانسہرہ اور ننکانہ کے بعد بورے والا میں مسلم لیگ ن نے سیاسی پاور شو جمعہ کو منعقد کیا۔ جو الیکشن 2024 کی مہم کے دوران نواز شریف کا چوتھا جلسہ ہے۔ مسلم لیگ(ن) خانیوال میں بھی جلسہ کر چکی ہے تاہم وہاں نواز شریف نہیں پہنچ پائے تھے۔
نواز شریف کے ساتھ ان کی صاحبزادی اور مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز بھی موجود ہیں۔
اپنے خطاب میں نواز شریف نے کہاکہ ان کے دور میں روٹی چار روپے کی تھی، بجلی کا بل پانچ سو روپے آتا تھا آج وہی بل 20 ہزار روپے آتا ہے، کیا یہ ہے تبدیلی؟
لیگی قائد نے لوگوں سے پوچھا کہ انہیں نواز شریف کا دور یاد آتا ہے یا نہیں۔
انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) آئے گی تو مہنگائی کو مٹائے گی، بجلی سستی کرے گی، روٹی اور چینی کی قیمت بھی کم ہوگی، گیس گھر گھر ملے گی۔
انہوں نے کہاکہ اگر نواز شریف کی حکومت نہ ختم کی جاتی تو آج یہاں پر کوئی شخص بیروزگار نہ ہوتا۔