ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے پہلے ہی مہنگائی سے پریشان عوام کی مشکلات کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ وفاقی ادارۂ شماریات کی جانب سے جاری سرکاری دستاویزات کے مطابق صرف ایک ہفتے کے دوران آٹے کے 20 کلوگرام کے تھیلے کی قیمت میں مختلف شہروں میں 40 روپے سے لے کر 590 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آٹے کے 20 کلوگرام کے تھیلے کی قیمت میں ملک بھر میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد قیمت بڑھ کر 2 ہزار 893 روپے تک جا پہنچی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صرف ایک ہفتے کے دوران سرگودھا میں آٹے کے 20 کلوگرام کے تھیلے کی قیمت میں سب سے زیادہ 590 روپے کا اضافہ ہوا۔
اسی طرح ملتان میں 226 روپے 66 پیسے، خضدار میں 200 روپے، بہاولپور میں 163 روپے 33 پیسے اور کوئٹہ میں 140 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ گوجرانوالہ میں آٹے کے 20 کلوگرام کے تھیلے کی قیمت 134 روپے بڑھ چکی ہے، جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں 120 روپے تک اضافہ ہوا۔ کراچی، پشاور، سکھر اور لاڑکانہ میں آٹے کی قیمت میں 100 روپے تک اضافہ دیکھنے میں آیا، حیدرآباد اور سیالکوٹ میں 80 روپے، بنوں میں 50 روپے اور لاہور میں 40 روپے تک قیمت بڑھی ہے۔
مزید تفصیلات کے مطابق قیمتوں میں اضافے کے بعد راولپنڈی میں آٹے کے 20 کلوگرام کے تھیلے کی قیمت 2 ہزار 866 روپے، پشاور میں 2 ہزار 850 روپے، بنوں میں 2 ہزار 800 روپے، کوئٹہ میں 2 ہزار 660 روپے جبکہ کراچی میں آٹے کا 20 کلوگرام کا تھیلا 2 ہزار 600 روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔
آٹے کی قیمتوں میں اس مسلسل اضافے کے باعث مہنگائی سے ستائے ہوئے عوام شدید دباؤ کا شکار ہیں اور شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ بنیادی خوراک کی قیمتوں میں اس طرح کے اضافے سے عام آدمی کی زندگی مزید مشکل ہوتی جا رہی ہے۔