لاہور: بابا گرونانک کی انسانیت کے لیے کی گئی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے حکومت پاکستان نے 50 روپے مالیت کا یادگاری سکہ جاری کر دیا ہے۔
یادگاری سکہ بابا گرونانک کے 550ویں جنم دن کے موقع پر جاری کیا گیا ہے۔
50 روپے مالیت کے اس سکے کی ایک جانب اسلامی جمہوریہ پاکستان اور قومی نشان کنندہ ہے جب کہ دوسری طرف گردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب کی تصویر بنائی گئی ہے۔
سکے پر گرونانک دیو جی 1469 – 2019 کے الفاظ بھی درج ہیں۔
یاد رہے کہ بابا گرونانک کا 550واں جنم دن اس لحاظ سے بھی اہمیت کا حامل ہے کہ اس دن کی تقریبات کے لیے پاکستان کرتارپور راہداری کا افتتاح کرے گا۔
کرتارپور راہداری سکھوں کے پاکستان میں موجود مذہبی مقامات تک آسان رسائی کے لیے بنایا گیا منصوبہ ہے۔
03 نومبر کو وزیراعظم عمران خان اس منصوبے کا افتتاح کریں گے۔
کرتارپور میں تعمیر کیا گیا گردوارا دنیا کا سب سے بڑا گردوارا ہے، 42 ایکڑ رقبے پر صرف گردوارا ہے اس کے باہر کا علاقہ بھی قریباً 4 یا 5 سو ایکڑ سے زیادہ ہے جو کہ منصوبے میں شامل ہے۔