پاکستان کے پہلے انٹرنیشنل اسکرین ایوارڈز دبئی میں منعقد ہوں گے جن میں ماہرہ خان، صباقمر اور فواد خان سمیت متعدد ستارے شرکت کریں گے۔
گلف نیوز کے مطابق دبئی پاکستان کے پہلے انٹرنیشنل اسکرین ایوارڈز کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔ ایوارڈز کا اعلان حال ہی میں دبئی سے تعلق رکھنے والے ایوارڈز تقریب کے ایگریکٹیو پروڈیوسر فیصل خان نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں جسے عالمی پلیٹ فارم پر دکھایا جانا چاہیئے۔
فیصل خان نے مزید کہا کہ تقریب کے دوران الیکٹرانک اور سوشل میڈیا میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی شخصیات کو ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔
ایوارڈ کی تقریب میں ماہرہ خان، فواد خان، صباقمر، عائشہ عمر، اشنا شاہ، حریم فاروق، ثروت گیلانی، عمران عباس، شہریار منور، جاوید شیخ، عمیر جیسوال، جنید خان، سارہ لورین،ولاگر مورو، اسٹرینگز، فرحان سعید ، عروہ اور ماورہ حسین سمیت متعدد ستاروں کی شرکت متوقع ہے۔ رپورٹ کے مطابق اداکارہ مہوش حیات شوٹنگ کے باعث ایوارڈ کی تقریب میں شرکت نہیں کریں گی۔ ایوارڈ اگلے سال 7 فروری کو منعقد کیے جائیں گے۔