محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ میں آج سے بارشوں کا ایک اور سلسلہ شروع ہونے جا رہا ہے، جس کی ابتدا دادو سے ہوگی، جبکہ کراچی کے شہریوں کے لیے بھی خوشخبری ہے کہ کل سے شہر میں مون سون کا تیسرا اسپیل داخل ہوگا۔
ماہرین کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں کل سے ہلکی سے معتدل بارش ہونے کا امکان ہے، جس سے موسم خوشگوار ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب جنوبی پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں بھی آنے والے دنوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، جہاں نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور معمولاتِ زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پنجاب میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں کئی علاقوں میں نظام زندگی درہم برہم ہو گیا ہے۔ مختلف حادثات، چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے جیسے واقعات کے باعث درجنوں افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ متعدد شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاط برتنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے، خاص طور پر نشیبی علاقوں میں رہنے والوں کو محتاط رہنے کی تاکید کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچا جا سکے۔