بلوچستان حکومت نے گوادر سے خلیجی ممالک تک فیری سروس شروع کرنے کے منصوبے پر غور شروع کر دیا ہے، جس کے لیے پانچ مختلف کمپنیوں نے اپنی تجاویز جمع کرا دی ہیں۔
وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں گوادر سے خلیجی ریاستوں تک فیری روٹس کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران فیری آپریشنز سے متعلق تکنیکی اور مالی امور کا جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر جنید انوار نے بتایا کہ نجی شعبہ اس منصوبے میں گہری دلچسپی ظاہر کر رہا ہے۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے منصوبے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کے ذریعے 30 ہزار نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر بیرون ملک روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
جنید انوار نے کہا کہ یہ فیری سروس نہ صرف علاقائی روابط اور تجارت کو فروغ دے گی بلکہ گوادر کو عالمی بحری نقشے پر بھی نمایاں کرے گی۔