کراچی میں اسکول وین ڈرائیورز نے ہڑتال کر دی، وین ڈرائیورز کی ہڑتال کے باعث بچے رُل گئے، بچوں کو تعلیمی اداروں میں پہنچنے میں دشواری کا سامنا رہا، والدین کو بھی پریشانی سے دوچار ہونا پڑا۔
کراچی میں بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ کے باعث بچے ناشتہ کئے بغیر اسکول جاتے تھے، اب آل کراچی اسکول وینز ٹرانسپورٹ سروس ایسوسی ایشن نے آج ہڑتال کی کال دیدی، لکی سٹار سے کراچی پریس کلب تک ریلی بھی نکالی جائے گی۔ ایسوسی ایشن اعلامیہ کے مطابق آج بچوں کو اسکول پک اینڈ ڈراپ نہیں کریں گے۔
ڈرائیورز کا موقف ہے کہ مہنگائی کے دور میں گاڑیاں پٹرول پر نہیں چلا سکتے، ٹریفک پولیس ڈرائیورز کو ہراساں کر رہی ہے، پہلے ماحولیات کے نام پر سی این جی کی طرف راغب کیا گیا اور اب اورنگی ٹاؤن حادثے کا جواز بنا کر ڈرائیوروں کوتنگ کیا جا رہا ہے۔ ڈرائیوروں کا کہنا ہے کہ وہ حکومت کے خلاف احتجاج بھی کریں گے۔ ان کا مطابہ ہے کہ یا تو پٹرول سستا کیا جائے یا پھر انھیں گیس سلنڈرز پر گاڑیاں چلانے کی اجازت دی جائے۔