سابق وزیراعظم نواز شریف کی العزیزیہ اسٹیل ریفرنس میں 7 سال قید کی سزا کے خلاف اپیل سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں نواز شریف کی اپیل پر سماعت 21 جنوری کو ہوگی، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی ڈویژن بینچ اپیل کی سماعت کرے گا۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی اپیل کے ساتھ ہی سزا معطلی کی درخواست بھی سنی جائے گی۔
یاد رہے کہ نواز شریف نے سات سال قید اور جرمانوں کی سزا کے خلاف اپیل دائر کر رکھی ہے اور استدعا کی ہے کہ سزا معطل کرتے ہوئے رہائی کے احکامات جاری کیے جائیں۔