گلگت بلتستان کی حسین وادیوں میں رہنے والے ننھے وی لاگر شیراز جنہوں نے اپنے منفرد اور دلچسپ وی لاگز سے راتوں رات شہرت حاصل کی تھی انہوں نے ویلاگنگ کو خیرباد کہہ دیا۔ شیراز نے یوٹوب چینل پر اپنا آخری وی لاگ پوسٹ کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ وہ آج سے وی لاگ نہیں بنائیں گے۔
شیراز نے اپنی ویڈیو میں وی لاگنگ چھوڑنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ’ میرے ابو نے کہا ہے کہ اب کچھ عرصہ یہ ویڈیوز بنانا بالکل ختم کردو اور صرف پڑھائی پر توجہ دو‘۔
ننھے وی لاگر شیراز نے کہا کہ ’بہت لوگ کہہ رہے ہیں کہ میں وی لاگنگ نہ چھوڑوں لیکن ہمیں اپنے والدین کی بات ماننی چاہیے اس لیے جیسا وہ کہہ رہے ہیں میں ویسا ہی کروں گا‘۔
شیراز نے مزید کہاکہ آپ سب کا بہت شکریہ آپ لوگوں نے مجھے بہت پیار دیا محبت دی،انشااللہ میں جلدی واپس آنے کی کوشش کروں گا۔وی لاگ کے اختتام میں مسکان اور شیراز ایک دوسرے سے گلے مل کر بہت اداس ہوگئے اور تمام ناظرین کو خدا حافظ کہہ دیا۔