شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر نے سوشل میڈیا پر شہرت میں عائزہ خان سمیت تمام اداکاراؤں کو پیچھے چھوڑ دیا۔
عائزہ خان اور ہانیہ عامر دو سپر کامیاب اور سب سے زیادہ فالو کی جانے والی پاکستانی اداکارائیں ہیں۔ عائزہ خان کے انسٹاگرام پر 14 ملین فالوورز ہیں جبکہ ہانیہ عامر نے انسٹاگرام پر عائزہ خان کو 14.1 ملین فالوورز کے ساتھ پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
ہانیہ کے فالوورز میں اضافے کے فورا بعد ہی ان کے مداحوں نے یہ خبر مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کرنا شروع کردی تاہم ساتھی اداکار عائزہ خان نے بھی اس خبر کو مثبت انداز میں لیتے ہوئے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے ہانیہ عامر کو مبارکباد دی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اسٹوری میں عائزہ خان نے ایموجیز کی ایک سیریز کے ساتھ لکھا ’ہانیہ عامر کو مبارک ہو۔ تم اس کی مستحق ہو‘ ۔
جس پر ہانیہ عامر نے اس پوسٹ کو ایک دل کش نوٹ کے ساتھ دوبارہ شیئر کرتے ہوئے عائزہ خان کی تعریف کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔اُنہوں نے جواب دیتے ہوئے عائزہ خان کو ہر شعبے کی غیر متنازع ملکہ قرار دیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ آپ نے اس انڈسٹری کے لیے جو کچھ کیا اور جو کچھ کر رہی ہیں سب کے لیے بہت بہت شکریہ، میں بھی آپ کی طرح شاندار اداکارہ بننا چاہتی ہوں، آپ کا مثبت شخصیت بننے کے لیے بہت بہت شکریہ۔
عائزہ خان کا ہانیہ عامر کے جواب پر ردِ عمل دیتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ ’بس ویسے ہی رہو جیسی تم ہمیشہ سے ہو‘۔
یاد رہے کہ ہانیہ عامر کے انسٹاگرام پر فالوورز کی تعداد14.1 ملین ہونےسے وہ سوشل میڈیا پر پاکستان کی سب سے زیادہ فالو کی جانے والی اداکارہ بن گئی ہیں جبکہ اداکارہ عائزہ خان 14 ملین فالوورز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔