مصر کے معروف فٹبالر محمد صالح مسلسل دوسری مرتبہ سال کے بہترین افریقن فٹبالر کا ایوارڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
محمد صالح کو سینیگال کے دارالحکومت ڈاکار میں منقعدہ کنفیڈریشن آف افریقن فٹبال ایوارڈز میں اعزاز سے نوازا گیا۔
ٹیم میں فارورڈ پلیئر کا کردار ادا کرنے والے محمد صالح نے ایوارڈ کے لیے نامزد لیور پول کے سوڈیو مینے اور آرسینل کے فارورڈ کھلاڑی پائری ایمیریک کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ اعزاز اپنے نام کیا۔
اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے محمد صالح کا کہنا تھا کہ یہ ایوارڈ میرے لیے بہت اہم ہے، ان کا کہنا تھا کہ میں نے بہت چھوٹی عمر میں اس ایوارڈ کو اپنے نام کرنے کا خواب دیکھا تھا۔
انہوں نے اپنے ایوارڈ کو اپنے وطن مصر کے نام کرتے ہوئے کہا کہ دوسری بار یہ ایوارڈ لینا میرے لیے باعث فخر ہے، اس کے لیے میں اپنے گھر والوں اور ساتھیوں کا مشکور ہوں۔
واضح رہے گزشتہ سال فٹبال پریمیئر لیگ میں سال کا بہترین کھلاڑی منتخب ہونے پر مکہ کے ڈپٹی مئیر فہدالروقی نے محمد صالح کو ایک پلاٹ تحفے میں دینے کا اعلان کیا تھا۔
ایک سال قبل اپنے پرانے کلب روما سے علیحدگی اختیار کرنے والے محمد صالح کو مذہبی رواداری اوراعلیٰ اخلاقی اقدار کے سفیر کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔
برطانوی مسلمانوں میں مثبت رول ماڈل کی شناخت کے حامل محمد صالح کے اپنے آبائی شہر بسیوں میں ایک اسکول کو ان کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔