پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چوتھا ون ڈے آج کھیلا جائے گا۔ محمد حفیظ کی ٹیم میں واپسی کا امکان ہے.
تفصیلات کے مطابق پاکستانی ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف سیریز میں واپسی کیلئے کمر کس لی۔ آج ٹرینٹ برج گراؤنڈ میں دونوں ٹیمیں سیریز کے چوتھے ون ڈے میں مد مقابل ہوں گی۔ انگلش ٹیم کو سیریز میں دو صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے۔ گرین شرٹس الیون میں محمد حفیظ کی شمولیت کا قوی امکان ہے جبکہ محمد عامر تاحال فٹ نہیں ہوسکے۔پاکستان الیون کوسیریز میں بقا کے لیے میچ جیتنا ضروری ہے۔
فلیٹ اورخشک وکٹ اورچھوٹی باؤنڈری کے پیش نظرایک ہائی اسکورنگ میچ کی توقع ہے۔ اسی میدان پر انگلینڈ نے آسٹریلیاکے خلاف 481 کا ورلڈ ریکارڈ بنایا تھا۔ 2016 میں پاکستان کے مقابل 444 رنزبھی اسکور کیے۔ کاؤنٹی ون ڈے میچز میں بھی چھ مرتبہ 400 پلس اسکور بنایا گیا۔
دونوں ٹیموں میں تبدیلیاں یقینی ہیں۔پاکستان ٹیم میں آل راؤنڈرفہیم اشرف کی جگہ محمد حسنین کھیلیں گے۔ آف اسپن بولر کی ضرورت آل راؤنڈرز محمد حفیظ اور شعیب ملک سے پرکی جائے گی ۔حارث سہیل اور آصف علی باہربیٹھیں گے۔
پاکستان ٹیم دورہ جنوبی افریقاسے مسلسل آٹھ ون ڈے ہارچکی ہے۔ اعتماد کی بحالی کیلئے اسے فتح کی ضرورت ہے۔ انگلش کپتان اوون مورگن معطلی کی بنا پرنہیں کھیلیں گے۔ جوزبٹلرآج ٹیم کی قیادت کریں گے۔ فاسٹ بولرکریگ ووڈ اورجوفراآرچرکی بھی واپسی ہوگی۔جس کے لیے لیام پلنکٹ اورکرس ووکس کوجگہ خالی کرنا ہوگی۔