لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈومیسٹک کرکٹ میں بنیادی تبدیلیاں لانے کے لیے نئی پریزنٹیشن تیارکرلی ہے جسے حتمی منظوری کے لیے وزیراعظم عمران خان کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ کے لیے پی سی بی کی تیار کردہ پہلی پریزنٹیشن کو وزیراعظم نے مسترد کردیا تھا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق وہ پیش کی جانے والی پریزینٹیشن پر خاصے برہم بھی ہوئے تھے۔
وزیراعظم نے کرکٹ کی بہتری کیلئے پی سی بی کا پلان مسترد کردیا
ذرائع کے مطابق پی سی بی کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک ہارون رشید نے وزیراعظم کی ہدایات کو مد نظر رکھتے ہوئے کرکٹ کے فروغ کے لیے نیا ڈومیسٹک سسٹم (نظام) تیار کیا ہے۔
ذمہ دار ذرائع کے مطابق پی سی بی نئے ڈومیسٹک نظام کا اطلاق جلد ازجلد کرنے کا خواہش مند ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے سامنے تیار کردہ نیا منصوبہ اس وقت پیش کیا جائے گا جب چیئرمین پی سی بی احسان مانی اس کا جائزہ لے لیں گے اور وہ مطمئن ہوں گے۔