احتساب عدالت میں نندی پور پاور پراجیکٹ ریفرنس میں ڈاکٹر بابر اعوان کی بریت کی درخواست پر فیصلہ آج بھی نہ سنایا جا سکا۔ریفرنس پر سماعت بغیر کاروائی کے ملتوی کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر بابر اعوان کی بریت کی درخواست پر فیصلہ آج بھی نہ سنایا جا سکا۔نندی پور پاور پراجیکٹ ریفرنس پر سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی کر دی گئی ۔
سماعت جج ارشد ملک کے رخصت پر ہونے کے باعث ملتوی کی گئی۔ ڈیوٹی جج محمد بشیر نے سماعت 12 جون تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل چھبیس اپریل کو احتساب عدالت نے نندی پور پاور پروجیکٹ ریفرنس میں بابراعوان کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔ جج ارشد ملک نے بابر اعوان کی بریت کی درخواست پر فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا جو تیس اپریل کو سنایا جانا تھا۔ دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نے مؤفق اختیار کیا کہ مزید دلائل نہیں دینا چاہتا،جو دلائل گزشتہ سماعت پر دیے وہ کافی ہیں۔
کیس میں جسٹس ریٹائرڈ ریاض کیانی کی جانب سے بھی بریت کی درخواست دائر کی گئی ہے۔ سابق ریسرچ کنسلٹنٹ شمائلہ محمود اور جسٹس ریٹائرڈ ریاض کیانی کی درخواستوں پر دلائل چھ مئی کو طلب کئے گئے ہیں۔ چھ مئی کو مزید گواہان کے بیانات بھی قلمبند کئے جائیں گے۔
واضح رہے کہ بیس اپریل کو بابر اعوان نے نندی پور پاور پروجیکٹ کیس میں بریت کے لیے درکواست دائر کی تھی۔ نیب ریفرنس میں عائد الزامات پر بابر اعوان وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور کے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے۔