ایم کیو ایم تنظیم بحالی کمیٹی کےسربراہ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ آصف زرداری سندھی اور مہاجر بھائیوں کو لڑوانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
کراچی میں انسدادِ دہشتگردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ ملک کی سیاسی صورت حال میں بڑی ہلچل ہے، بڑے بڑے سیاستدانوں کے اعصاب جواب دے رہے ہیں، آصف زرداری بہت سینئر سیاستدان ہیں، دو روز قبل جو آصف زرداری نے مہاجروں کے خلاف بیان دیا اس کی مذمت کرتے ہیں، ان کی تقریر مہاجروں سے متعلق اشتعال انگیز تقریر کے زمرے میں آتی ہے، آصف زرداری کو مہاجروں کے وجود سے متعلق گفتگو سے اجتناب کرنا چاہیے تھا۔ آصف زرداری نے مہاجروں کی قربانیوں کو فراموش کیا، انہوں نے نے ہمارے سندھی بزرگوں کی روایت کو بھی نظر انداز کیا، جب مہاجر سندھ میں داخل ہوئے تو سندھیوں نے دل کھول کر ان کا استقبال کیا۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ہم 30 سال سے بھائی چارے کے فروغ کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں، مہاجر تھوڑے سے ہیں تو انہیں بتا دوں بشمول سندھ سمیت پورے پاکستان میں کروڑوں کی تعداد میں مہاجر ہیں، انہیں مہاجر تھوڑے سے یوں لگ رہے ہیں کیوں کہ ہمیں مردم شماری میں کم گنا گیا، سندھی اور مہاجر کو الگ کہنا یا کسی کو تھوڑا کہنا اشتعال انگیزی ہے، وہ سندھی اور مہاجر بھائیوں کو لڑوانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
سربراہ ایم کیو ایم تنظیم بحالی کمیٹی کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے کہا پرویز مشرف کے زمانے میں حالات خراب ہوئے، کس کے دور میں حالات خراب ہوئے، عزیر بلوچ کی جے آئی ٹی منظر عام پر لے آئیں دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا، عزیر بلوچ کی جے آئی ٹی منظر عام پر لانے کا مطالبہ کرتا ہوں، آصف زرداری کے دور سے قتل و غارت گری شروع ہوئی، لیاری گینگ وار کو کہا گیا یہ ہمارے بچے ہیں، اصل میں ان کی وجہ سے حالات خراب ہوئے۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی موجودہ قیادت سے میرا بھی اختلاف ہے، وفاقی بجٹ میں سندھ اور کراچی کے ساتھ جو زیادتی ہورہی ہے اس میں پیپلزپارٹی کے ساتھ ہوں، مرکز سے صوبہ سندھ کو اس کا حق ملنا چاہیے لیکن 12 برسوں میں جو پیپلزپارٹی نے سندھ کے شہری علاقوں کے ساتھ کیا اس کا بھی حساب دینا چاہیے۔ جسٹس گلزار نے ریمارکس دیئے ہیں سندھ کرپٹ ترین صوبہ ہے۔