محکمہ ریلوے کا کراچی تا راولپنڈی نئی پسنجر ٹرین چلانے کا فیصلہ، نئی ٹرین سرسید ایکسپریس کا 4 جولائی کو کراچی اور راولپنڈی سے ایک ساتھ افتتاح کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کی جانب سے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو ایک اور خسارے بھرا تحفہ دینے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا۔ اس سلسلے میں 4 جولائی سے کراچی تا راولپنڈی کے درمیان نئی پسنجر ٹرین سرسید ایکسپریس 35-UP اور 36-DN چلانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
نئی پسنجر ٹرین مجموعی طور پر 12 بوگیوں پر مشتمل ہوگی جو براستہ حیدرآباد ، روہڑی ، فیصل آباد اور وزیرآباد سے ہوتی ہوئی راولپنڈی جائے گی، سرسید ایکسپریس رات 8 بجے کراچی کینٹ سے روانہ ہوگی مجموعی طور پر ٹرین 8 اسٹیشنوں پر اسٹاپ کرے گی اور اگلے دن شام 6 بج کر 30 منٹ پر راولپنڈی پہنچے گی جبکہ راولپنڈی سے دوپہر 2 بج کر 30 منٹ پر راوانہ ہوکر دن 12 بجے کراچی کینٹ پہنچے گی کراچی آتے ہوئے عوام کی سہولت کے لیے لانڈھی اور ڈرگ روڈ دو اضافہ اسٹاپ ہونگے.
واضح رہے موجودہ حکومت نے اس سے قبل 6 نئی ٹرینیں چلائی تھیں جس میں دھابیجی ایکسپریس، مہران ایکسپریس، سندھ ایکسپریس، جناح ایکسپریس، شاہ حسین ایکسپریس اور کوٹری تا لاڑکانہ پسنجر ٹرین.
ریلوے کے ذرائع نے بتایا خسارے کے باعث دھابیجی ایکسپریس پہلے ہی بند کی جا چکی ہے جبکہ شاہ حسین ایکسپریس کو چھوڑ کر دیگر تمام مزکورہ نئی ٹرینینوں سے ریلوے کو مالی خسارہ ہو رہا ہے۔