آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 کے سیمی فائنل میں جگہ بنانے کیلئے آج تین ٹیموں کا فیصلہ ہوگا، جہاں انگلینڈ کا مقابلہ نیوزی لینڈسے ہوگا، آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بناچکی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کرکٹ ورلڈ کپ 2019 سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہوچکا ہے،سیمی فائنل کے دو ٹکٹس کے لیے تین ٹیموں کے درمیان پنجہ آزمائی جاری ہے، سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے پاس ایک چانس باقی ہے،آج کا میچ جوجیتا وہ باآسانی فائنل فور میں جگہ بنالے گا۔
ہارنے والے کے لیے بھی ورلڈ کپ کا سفر ختم نہیں ہوگا، اس کی قسمت کا فیصلہ دوسری ٹیموں کی ہار جیت پر ہوگا، نیوزی لینڈ کی ٹیم آج انگلینڈ سے جیت جاتی ہے تو پاکستان کو سیمی فائنل میں جانے کے لیے بنگلہ دیش کو ہرانا ہوگا۔
نیوزی لینڈ کی شکست کی صورت میں شاہینوں کو بنگال ٹائیگرز کو بڑے مارجن سے زیر کرنا ہوگا، انگلش ٹیم کو کیویز سے شکست ہوئی تب بھی میزبانوں کی امید پر پانی نہیں پھرے گا، بنگلہ دیش پاکستان کو ہرادے تو انگلینڈ کی ٹیم 10 پوائنٹ کے ساتھ آگے جاسکتی ہے۔
انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے میچ میں بارش ہوجاتی ہے تب بھی انگلینڈ 11 پوائنٹس اور بہتر رن ریٹ کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچ سکتا ہے۔