افغانستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈکپ میں ناقص کارکردگی کے باعث کپتان گلبدین نائب کو عہدے سے ہٹاتے ہوئے راشد خان کو تینوں طرز کی کرکٹ کا کپتان مقرر کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ کے تمام میچز میں شکست کا مزہ چکھنے والی افغانستان ٹیم میں بھی تبدیلی کا عمل شروع ہوگیا ہے، جس کا پہلا شکار کپتان گلبدین نائب بنے ہیں، جنہیں عہدے سے ہٹادیا گیا ہے۔
افغانستان کرکٹ بورڈ کے مطابق راشد خان تینوں طرز کی کرکٹ میں افغانستان کی قیادت کریں گے جب کہ اصغر افغان کو ان کا نائب مقرر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ورلڈکپ 2019 میں گل بدین نائب کی قیادت میں افغان ٹیم کی کارکردگی نہایت ناقص رہی اسے اپنے 9 کے 9 میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
یاد رہے کہ راشد خان نے ورلڈکپ کے 9 میچوں میں مجموعی طور پر 416 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کیں جب کہ صرف انگلینڈ کے خلاف میچ میں انہوں نے 9 اوورز میں ریکارڈ 110 رنز دیے اور کوئی وکٹ حاصل نہیں کی تھی۔