سی ٹی ڈی پنجاب نے کالعدم تنظیم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کو گرفتار کرلیا ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کالعدم تنظیم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کو گرفتار کرلیا گیا ہے، حافظ محمد سعید لاہور سے گوجرانوالہ جارہے تھے کہ سی ٹی ڈی پنجاب نے کارروائی کے دوران انہیں گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پر پابندی کا اعلان کیا گیا تھا جب کہ یکم جولائی کو حکومت نے حافظ سعید اور ان کے دیگر 6 ساتھیوں کے خلاف لشکر طیبہ کا سربراہ ہونے اور دہشت گردی میں ملوث کے الزامات میں مقدمات درج کیے۔ ان پر دہشت گردی کو پروان چڑھانے اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کیلئے فنڈز اکٹھا کرنے کے الزامات ہیں۔
حافظ سعید نے اپنے خلاف درج دہشت گردی کے مقدمات پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا، عدالت میں دائر درخواست میں انہوں نے موقف اپنایا تھا کہ ان پر درج ایف آئی آرز ختم کی جائیں، حافظ سعید کا لشکر طیبہ کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے، ان کا القاعدہ یا ایسی کسی تنظیم سے بھی کوئی تعلق نہیں ہے، وہ ریاست کے خلاف اقدامات میں ہرگز ملوث نہیں ہیں، انڈین لابی کا حافظ سعید پر ممبئی حملوں میں ملوث ہونے بیان حقائق کے منافی ہے