آئی سی سی مینز اور ویمنز ورلڈ کپ ٹی 20 کے لئے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت شروع ہوگئی ہے۔
آئی سی سی مینز اور ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ٹکٹوں کی قیمت کے اعلان اور اس کی فروخت کے ابتدائی مرحلے کا آغاز کردیا گیا ہے، پاکستان سمیت 10 ٹیموں پر مشتمل ویمنز ایونٹ 21 فروری سے 8 مارچ تک کھیلا جائے گا جس میں مجموعی طور پر23 میچ کھیلے جائیں گے۔
دنیا کی 16 بہترین مینز ٹیموں کا میلہ 18 اکتوبر سے 15 نومبر تک 8 مختلف مقامات پر لگے گا، آئی سی سی کی جانب سے ٹکٹوں کی قیمت کم سے کم 20 ڈالر رکھی گئی ہے، بچوں کے لیے یہ 5 ڈالر ہوگی، ویمنز ایونٹ دیکھنے کے خواہشمند آج سے آن لائن ٹکٹ بک کراسکتے ہیں تاہم مینز ایونٹ کے لیے پہلے رجسٹریشن کا عمل شروع کیا گیا ہے جو 7 اکتوبر تک جاری رہے گا۔
پاکستانی مینز ٹیم اپنی مہم کا آغاز 24 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف سڈنی کرکٹ گراونڈ سے کرے گی، پاکستان دوسرا میچ 28 اکتوبر کو کوالیفائیر ون کے ساتھ اسی گراؤنڈ پر کھیلے گی، پاکستان اور نیوزی لینڈ کا جوڑ 31 اکتوبر کو برسبین میں پڑے گا، 3 نومبر کو پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں ایڈیلیڈ اوول میں مدمقابل ہوں گی جب کہ 6 نومبر کو پاکستانی ٹیم کوالیفائر ٹو کے خلاف میلبورن کرکٹ گراونڈ میں ایکشن میں دکھائی دے گی، فائنل 15 نومبر کو میلبورن میں رکھا گیا ہے۔