شہر میں تیسرے روز بھی گرمی کی شدت برقرار رہی تاہم خلیج بنگال میں موجود ہوا کے انتہائی کم دباؤ کے تحت 27 جولائی سے شہر میں گرج چمک کے ساتھ درمیانی بارشوں کا امکان ہے۔
شہر میں اتوارسے پڑنے والی گرمی کی جذوی لہر کا اثر منگل کو بھی برقرار رہا، گزشتہ دنوں شہرکے مختلف علاقوں میں ہونے والی ہلکی بارش وپھوار کی وجہ سے رات گئے شدید حبس کی کیفیت پیدا ہوئی جس کا سبب ہوامیں نمی کاتناسب 80 فیصد تک تجاوز کرنا تھا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں حالیہ گرمی کی وجہ رن آف کچھ بھارت میں موجود ہوا کے کم دباؤ ہے جو کافی حد تک کمزور پڑگیا ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ آج ہوا کا کم دباؤ مکمل طورپر ختم ہوجائے گا جس کے بعد سمندری ہوائیں معمول کی رفتار سے چلیں گی اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوگی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو شہرمیں گرمی کا زیادہ سے زیادہ پارہ 36.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ صبح کے وقت کم سے کم درجہ حرارت27 ڈگری ریکارڈ ہوا، منگل کو دوپہر کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب51 فیصد ریکارڈ کیاگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 24 گھنٹوں کے دوران شہر کا مطلع جزوی اور مکمل ابرآلود رہنے جبکہ بوندا باندی اور ہلکی پھوار پڑنے کا امکان ہے، آج شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35سے37 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ محکمہ موسمیات سردارسرفراز کے مطابق خلیج بنگال میں موجود ہوا کے انتہائی کم دباؤ کے تحت 27 جولائی کو شہر میں گرج چمک کے ساتھ درمیانی بارشوں کا امکان ہے۔