وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری اور امریکی صدر کی صاحبزادی اور مشیر ایوانکا ٹرمپ کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری اور ایوانکا ٹرمپ کے درمیان ملاقات میں پاکستان اورامریکا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون پراتفاق کیا گیا۔
زلفی بخاری اور ایوانکا ٹرمیپ کے درمیان ملاقات میں روزگار کی فراہمی، تکنیکی تربیت، معاشی ترقی کے منصوبوں اور نوجوانوں کے لیے کاروباری مواقع کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایوانکا ٹرمپ نے خواتین کی فلاح و بہبود پر پاکستان میں منصوبے شروع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
ملاقات میں وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستانی خواتین کو با اختیار بنانے میں دلچسپی پر شکرگزار ہیں، پاک امریکا مشترکہ تعاون سے انسانی ترقی کے مواقع پیدا ہوں گے،انہوں نے کہا کہ مرد و خواتین کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع مل سکیں گے، پاک امریکا تعلقات درست سمت میں بڑھنا شروع ہو گئے ہیں۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان آئندہ چند ماہ میں سفارتی محاذ پرمزید کامیابیاں ملیں گی۔