جنوبی افریقہ کے مایہ ناز تیز گیند باز ڈیل اسٹین نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔
36 سالہ پیسر نے 93 ٹیسٹ میں 439 وکٹیں اپنے نام کرکے ملکی تاریخ کے کامیاب ترین بولر کا اعزاز پایا، انھوں نے کہا کہ میں آج کھیل کے اس فارمیٹ سے دور جارہا ہوں جسے میں بہترین ورژن خیال کرتا ہوں، اس میں آپ کی ذہنی ، جسمانی اور جذباتی جانچ ہوتی ہے۔ انھوں نے تمام بہی خواہوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ ٹی 20 اور ایک روزہ کرکٹ پر توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہیں اس لیے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کوئی ٹیسٹ نہ کھیلنے کا تصور بہت مشکل ہے لیکن دوبارہ کبھی نہ کھیل پانے کی سوچ اس سے بھی زیادہ تکلیف دہ ہے لہٰذا اپنے باقی کیریئر میں ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی20 پر فوکس کروں گا۔
مزید پڑھیں: محمد عامر کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
اسٹین نے 2004 میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا اور آخری ٹیسٹ رواں سال فروری میں سری لنکا کے خلاف کھیلا تھا۔
ڈیل جنوبی افریقہ کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے اورکرکٹ کی تاریخ کے ٹاپ ٹین بولرز میں سے ایک ہیں۔
کرکٹ ساؤتھ افریقا کے چیف ایگزیکٹو تھبنگ موروئے نے ڈیل اسٹین کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ بلاشبہ وہ کرکٹ کے عظیم کھلاڑی ہیں۔
مزید پڑھیں: وہاب ریاض کا بھی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان کے فاسٹ بالر محمد عامر اور وہاب ریاض بھی ٹی 20 اور ایک روزہ کرکٹ پر توجہ مرکوز رکھنے کے لیے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرچکے ہیں۔