وزیر اعظم عمران خان نے سندھ میں آبی وسائل کے فروغ میں تاریخی پیش رفت کرتے ہوئے سندھ بیراج منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ بیراج کی تعمیر سے پانی کا بڑا ذخیرہ وجود میں آئے گا، جس کے نتیجے میں ڈاؤن اسٹریم کوٹری میں پانی کی مقدار بڑھنے کے ساتھ ساتھ کراچی میں پانی کی قِلّت پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
سندھ بیراج کی تعمیر صوبہ سندھ خصوصاً کوٹری بیراج کے زیریں علاقوں میں معاشرتی اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی، اس بیراج کی تعمیر کی بدولت دریائے سندھ کے ڈیلٹا میں سمندری پانی کو چڑھنے سے روکنے، زرخیز اراضی سمندر بُرد ہونے سے بچانے، ماحولیاتی اثرات پر قابو پانے، مینگرووز جنگلات اور آبی حیات کی افزائش، آب پاشی اور آب نوشی کے لئے میٹھے پانی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ آبادی کی بڑے پیمانے پر نقل مکانی کو روکنے میں مدد ملے گی۔