پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کو کراچی اورلاہور میں مجوزہ دو ٹیسٹ میچز کا شیڈول بھیج دیا ہے۔ یکم اکتوبرسے پہلا ٹیسٹ کراچی اور 9 اکتوبر سے دوسرا ٹیسٹ لاہور میں کھیلنے کی تجویز ہے۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے سیکیورٹی وفد کے دورہ پاکستان سے ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی کا امکان روشن ہوگیا ہے۔ وفدکی مثبت رپورٹ کے بعد اکتوبر میں پاکستان ،سری لنکاٹائیگرز کے خلاف دس سال بعد ہوم سیریز اپنی سرزمین پرکھیلے گا۔ دوٹیسٹ میچزکی سیریز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پیش نظر غیر معمولی اہمیت کی حامل ہوگی۔
پی سی بی نےکراچی اورلاہور میں مجوزہ دوٹیسٹ میچزکا شیڈول سری نکا کودے دیا ہے۔ تجویز کے مطابق پہلا ٹیسٹ یکم سے 5 اکتوبرتک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسراٹیسٹ 9 سے 13 اکتوبر تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شیڈول ہو گا۔ سری لنکا کے مثبت جواب کی صورت میں ان کی ٹیم سیریز سے تین روز قبل کراچی پہنچے گی۔
سری لنکا کرکٹ بورڈ کی منظوری کے بعد پاکستان ٹیم 10 سال بعد ٹیسٹ ہوم کراؤڈ کے سامنے کھیلےگا۔ سری لنکن وفد نیشنل اسٹیڈیم کادورہ کرکےسیکیورٹی انتظامات کو اطمینان بخش قراردے چکاہے۔ وفد آج قذافی اسٹیڈیم لاہور کادورہ کررہا ہے۔