محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں بارشوں کا نیا سلسلہ گذشتہ دوپہر سے شروع ہوا جو آج بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں آج بھی موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں صبح درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 92 فیصد ریکارڈ کیا گیا، شہر میں جنوب مشرق سے ہوا 5 ناٹیکل مائل کی رفتارسے چل رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سکھر، لاڑکانہ، میرپور خاص، ٹھٹھہ، شہید بیظیرآباد، کراچی، حیدرآباد میں کہیں کہیں جبکہ زیریں سندھ کے بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ، بہاولپور، ڈی جی خان، گوجرانوالہ، لاہور، راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال، مکران، قلات، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز کراچی میں سب سے زیادہ بارش نارتھ کراچی میں 53 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی، صدر، جناح ٹرمینل 40، یونیورسٹی روڈ 38، لانڈھی میں 31.5 ملی میٹر، سرجانی ٹاون 28.2، پی اے ایف فیصل بیس میں25 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔