آل سندھ پرائیوٹ اسکول ایسوسی ایشن (اسپا) نے بارشوں کی وجہ سے آج تمام نجی اسکولز بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آل سندھ پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہر قائد کے تمام نجی اسکولز بارش کی وجہ سے آج بند رہیں گے۔
آل سندھ پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے مطابق کراچی کے نجی اسکولوں کو بند رکھنے کا فیصلہ شہر میں متوقع تیز بارش کے باعث کیا گیا ہے۔
دوسری جانب کراچی کے سرکاری اسکولوں، کالجز اور یونیورسٹیوں کو بند رکھنے کے حوالے سے حکومت کی جانب سے کوئی اعلان تاحال سامنے نہیں آیا ہے۔
واضح رہے کہ کراچی میں بارشوں کا نیا سلسلہ منگل کی دوپہر سے شروع ہوا جو جمعرات تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی جس کی وجہ سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ سڑکوں پر بھی پانی کھڑا ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کراچی میں تیز ہواؤں کے ساتھ مزید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔