وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ مودی سرکار کو پاگل پن کا دورہ پڑا ہوا ہے اور اس کا بھی ہٹلر جیسا انجام ہوگا۔
لاہورمیں پاک چین بزنس ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں، پاک چین باہمی تجارت 20 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے، پاکستان میں اسپیشل اکنامک زونز بنارہے ہیں، حکومت چینی کمپنیوں کو بھرپور سہولیات مہیا کرے گی۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ موٹرسائیکل کے شعبے میں چینی کمپنیوں کو خوش آمدید کہیں گے، موٹرسائیکل اور چنگچی رکشوں کو بیٹریوں پر منتقل کرنا چاہتے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں مودی کے فاشزم کیخلاف بھی چین پاکستان کیساتھ کھڑا ہوا۔
فواد چودھری نے مزید کہا کہ مودی سرکار کو پاگل پن کا دورہ پڑا ہوا ہے، وہ کسی کی بات سننے کو تیار نہیں، اس کا حشر بھی ہٹلر کے انجام کی طرح ہو گا، پہلے مرحلے میں حکومت کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہوئی، دوسرے مرحلے میں عوام کشمیریوں کیساتھ کھڑے ہوئے، ہماری آواز بڑھتی جا رہی ہے، 29 دن ہوگئے 80 لاکھ کشمیری گھروں میں قید ہیں۔
واضح رہے کہ جرمنی کے چانسلر ایڈولف ہٹلر نے دوسری جنگ عظیم میں شکست کے بعد خود کو گولی مار کر خود کشی کرلی تھی۔