ٹیسٹ بولرز رینکنگ میں محمد عباس کے پائوں ٹاپ 10 سے پھسلنے لگے، ایک درجہ خسارے نے پاکستانی پیسر کو دسویں نمبر پر پہنچا دیا۔
پاکستان کافی عرصے سے ٹیسٹ کرکٹ سے دور ہے، البتہ دیگرٹیموں کی مصروفیت اور پلیئرز کی پرفارمنس کے باعث رینکنگ میں گرین کیپس کی پوزیشن میں بھی ردوبدل ہونے لگا، ویسٹ انڈیز سے دوسرے ٹیسٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے جسپریت بمرا نے کیریئر بیسٹ تیسرے نمبر پر ترقی پالی، ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر یکدم 11ویں سے چوتھے نمبر پر پہنچ گئے، اس وجہ سے ٹاپ 10میں موجود واحد پاکستانی محمد عباس کو ایک درجہ خسارے کا سامنا کرنا پڑا، 2ہفتوں میں مسلسل دوسری تنزلی سے وہ اب دسویں نمبر پر پہنچ چکے ہیں۔
ٹاپ 20 میں شامل دوسرے پاکستانی بولر یاسر شاہ کو بہرحال ایک درجہ ترقی ملی جس سے وہ اب 16 ویں درجے پر آگئے، ٹاپ ٹیسٹ بولر کا اعزاز بدستور آسٹریلوی پیٹ کمنز کے ہی پاس ہے۔
ٹاپ 20 بیٹسمینوں میں شامل 2 پاکستانی پلیئرز بابر اعظم اور اسد شفیق بدستور اپنی 17 اور 19 ویں پوزیشن پر موجود رہے، اظہر علی کا 21 واں نمبر ہے۔
ٹیسٹ بیٹسمین رینکنگ میں سب سے بڑی تبدیلی کافی عرصے سے ٹاپ پوزیشن پر قابض ویرات کوہلی کی تنزلی کی صورت میں سامنے آئی، وہ ویسٹ انڈیز سے دوسرے ٹیسٹ میں 76 اور صفر پر آئوٹ ہوئے، یہ کارکردگی انھیں ٹاپ پوزیشن پر برقرار رکھنے کیلیے کافی ثابت نہیں ہوئی، کوہلی اگست 2018 میں نمبر ون ٹیسٹ بیٹسمین بنے تھے مگر اب یہ پوزیشن آسٹریلیا کے سابق کپتان اسٹیون اسمتھ نے ان سے چھین لی۔
ٹیم رینکنگ میں بھارت نے اپنی پہلی پوزیشن کو مزید مضبوط کیا جبکہ پاکستانی سائیڈ ساتویں نمبر پر موجود ہے۔