وادی کشمیر میں ظلم و بربریت کی داستان رقم کرنے والے بھارت کا چاند پر پہنچنے کا خواب چکنا چور ہوگیا ہے اور مودی شدید مایوس ہوکر اسپیس ہیڈکوارٹرز سے چلتے بنے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کو گزشتہ شب پوری دنیا میں رسوائی کا سامنا کرنا پڑا، بھارتی ماہرین چاند کی سطح پر لینڈنگ کی کوشش کرنے والے روبوٹک خلائی جہاز وکرم سے رابطہ کھو بیٹھے۔ بھارتی سپیس ایجنسی کے سربراہ کا کہنا ہے کہ وکرم لینڈر معمول کے مطابق مشن پر رواں دواں تھا لیکن چاند کی سطح سے 2.1 کلومیٹر کے فاصلے پر رابطہ منقطع ہوگیا ، اس سلسلے میں ڈیٹا کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
چاند پر لینڈنگ کا منظر دیکھنے کےلئے بھارتی وزیراعظم مودی بھی سپیس ایجنسی کے ہیڈ کوارٹر میں تھے ، جب انہیں بتایا گیا کہ سگنل منقطع ہوگیا ہے تو مودی مایوس ہوکر وہاں سے چلے گئے۔ ۔ ذرا ذرا سی بات پر ٹویٹ کرنے والے مودی جی کا ٹوئٹر اکاؤنٹ اس سانحے کے بعد سے اب تک بالکل خاموش ہے۔
رپورٹ کے مطابق چندر یان 2 مشن کی ناکامی سے بھارت کو 900 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا، اب بھارت کو چاند کی سطح پر اپنے خلائی جہاز اتارنے میں کامیاب ہونے والی اقوام میں شامل ہونے کیلئے اگلے مشن کا انتظار کرنا پڑے گا۔ اگر بھارتی خلائی جہاز چاند کے جنوبی قطب کی سطح پر اتر جاتا تو وہ چاند پر خلائی جہاز کی لینڈنگ میں کامیاب ہونے والا چوتھا ملک بن جاتا۔
واضح رہے کہ 2008 میں بھی بھارت کا چاند مشن ناکام رہا تھا۔