وزیراعظم عمران خان نے ملک میں پہلے پری فیبریکیٹڈ ہاؤسنگ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے،پہلے سے تیار شدہ گھروں سے عوام کو کم وقت میں اپنا گھر میسر ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب میں پری فیبریکیٹڈ ہاؤسنگ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا،اس موقع پر چین کے سفیر بھی وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاروں کو پاکستان میں خوش آمدید کہتا ہوں، ہاؤسنگ کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بہت مواقع ہیں اور منصوبے کے آغاز پر چین کے سفیر کا شکر گزار ہوں۔
وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ چینی سفیر نے سی پیک اور سرمایہ کاری کانفرنس میں معاونت فراہم کی، کراچی کے 40 فیصد لوگ کچی آبادیوں میں رہتے ہیں، پاکستان میں پہلی بار فیبریکٹڈ ہاؤسنگ منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ چینی کمپنی کی جانب سے معیاری، سستا اور جلد تکمیل والا منصوبہ ہے، یہ مستحق عوام کو سستے داموں گھروں کی فراہمی کا بہترین منصوبہ ہے، پہلے سے تیار شدہ گھروں سے عوام کو کم وقت میں اپنا گھر میسر آئے گا۔
وزیر اعظم کا زراعت کے حوالے سے کہنا تھا کہ پاکستان میں پیداوار سست روی کا شکار ہے، زرعی شعبے کے فروغ کیلئے چینی ٹیکنالوجی سے استفادہ کرینگے جس سے غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی۔