سری لنکن ٹیم کے جاتے ہی احمد شہزاد کی روٹھی فارم مان گئی اور اوپنر کی ناقابل شکست سنچری سے تقویت پاتے ہوئے سینٹرل پنجاب نے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں233رنز کا بڑا ہدف عبورکرلیا۔
اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں ناردرن نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو 59 رنز کے سفر میں 3 بیٹسمین پویلین واپس لوٹ گئے، نوید ملک(3)، روحیل نذیر(0) اور عمرامین( 38) رخصت ہوئے، آصف علی اور محمد نواز نے 107 رنز کی شاندار شراکت قائم کردی،محمد نواز 50 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، آصف علی نے 10 چھکوں اور 4 چھوکوں کی مدد سے 93 رنز کی اننگز کھیلی، سہیل اختر 2رنز بنا سکے، کپتان عماد وسیم نے آخری اوور میں 5 گیندوں پر 22 بٹور کر ٹیم کا مجموعہ 6وکٹ پر 222 تک پہنچایا، فہیم اشرف نے3 شکار کیے، سینٹرل پنجاب کی اننگز میں اوپنر احمد شہزاد کا بیٹ رنز اگلتا رہا، کپتان بابر اعظم 4،کامران اکمل 6 ، رضوان حسین20اور عمراکمل10رنز بناکر ان کا ساتھ چھوڑ گئے۔
اختتامی اوورز میں سعد نسیم29 اور فہیم اشرف28رنز نے ساتھ نبھایا، ٹیم نے ہدف ایک گیند قبل حاصل کرلیا، عماد وسیم3 جبکہ حارث رؤف اور سہیل تنویر 2،2شکار کرنے میں کامیاب ہوئے، شاداب خان نے 48رنز دیے اور وکٹ کو ترستے رہے، احمد شہزاد مین آف دی میچ قرار پائے۔
دوسرے میچ میں خیبر پختونخوا نے ٹاس جیت بیٹنگ کا فیصلہ کیا،فخرزمان8 ، صاحبزادہ فرحان27اور عادل امین 7رنز بنا سکے،افتخار احمد کھاتہ نہ کھول پائے،51 پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد محمد رضوان (45) خوشدل شاہ کے ہمراہ 83رنز کی شراکت قائم کرکے آؤٹ ہوئے، خوشدل شاہ 32 گیندوں پر 56 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، خیبر پختونخوا نے 5وکٹ پر 154رنز بنائے، وہاب ریاض3شکار کرنے میں کامیاب ہوئے۔
جواب میں سدرن پنجاب کی جانب سے عمر صدیق ایک، کپتان شان مسعود18، سمیع اسلم3اور صہیب مقصود 24 رنز کے بعد سلمان آغا صفر پرچلتے بنے،51پر 5وکٹیں گرنے کے بعد عامر یامین(15) نے سیف بدر کی شراکت میں ٹیم کی سنچری مکمل کرائی، وہاب نے آتے ہی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے فتح کی امیدیں زندہ رکھیں،سدرن پنجاب نے ہدف 9گیندیں قبل 6وکٹ پر حاصل کرلیا، وہاب نے صرف 17گیندوں پر 42رنز بناکر فتح چھین لی، سیف بدر 49پر ناقابل شکست رہے، محمد محسن نے3وکٹیں لیں۔