چین، ترکی اور متحدہ عرب امارات کے بعد کینیڈا کے سرمایہ کاروں نے پاکستان تحریک انصاف حکومت کی جانب سے شروع کردہ زیلی منصوبہ نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی کا اظہار کر دیا ہے۔
صوبائی وزیر ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ پنجاب میاں محمود الرشید سے کینیڈا کی تعمیراتی فرم کے چیئرمین سلیمان مفتی گل کی سربراہی میں کمپنی کے وفد نے ملاقات کی ہے۔
ملاقات کے دوران انہوں نے صوبائی وزیر کو کمپنی کی جانب سے کم لاگت میں جدید تعمیراتی ٹیکنالوجی اور تیکنیک کے حوالے سے بریفنگ دی ہے۔
اس دوران کمپنی کے چیئرمین نے اپنی فرم کےعالمی تعمیراتی تجربے سے آگاہ کیا اور این پی ایچ پی کے تحت مکانات کی تعمیر میں دلچسپی کا بھی اظہار کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ہماری کمپنی ماحول دوست ٹیکنالوجی کی مدد سے تعمیرات کے میدان میں نئے رجحانات متعارف کراسکتی ہے۔
اس سے قبل چین، ترکی اور یو اے ای کے سرمایہ کاروں نے اس بڑے منصوبے میں سرمایہ کاری کرنے کے حوالے سے دلچسپی کا اظہار کیا تھا۔
اس ضمن میں گفتگو کرتے ہوئے میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ غیرملکی کمپنیوں کی جانب سے نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے میں دلچسپی ظاہر کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ انہیں عمران خان کی پالیسیوں پر اعتماد ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پنجاب حکومت غیرملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت دینے کے لئے تیار ہے۔