اداکار احسن خان نے مزاحیہ ڈرامہ فیچر فلم ’پردے میں رہنے دو‘ میں انٹری کی تیاریاں مکمل کرلیں۔
انڈسٹری میں ورسٹائل اداکار سمجھے جانے والے احسن خان ڈرامہ اور فلم کے بعد میزبانی کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں۔ پر کشش نظر آنے والے احسن خان کی اداکاری انتہائی جان دار ہے اور وہ اب تک متعدد ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔
کامیڈی تھرلر فلم ’چھپن چھپائی ‘ کے بعد احسن خان ان دنوں فلم ’رہبرا‘ اور مومنہ درید کی پروڈکشن میں بننے والی فلم ’ پٹخ دے‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں تاہم اداکار نے اب کامیڈی ڈرامہ فیچر فلم ’ پردے میں رہنے دو‘ میں بھی کام کرنے کی ٹھان لی ہے۔
احسن خان نے فلم کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فلم ’پردے میں رہنے دو‘ محسن علی کی ہدایت کاری میں بنائی جا رہی ہے جوکہ ایک رومانوی کامیڈی فلم ہے۔ فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس کی کہانی میں سماجی پیغام چھپا ہوا ہے۔ میرے خیال میں اس سے قبل ایسا پیغام کسی ڈرامہ یا فلم میں نہیں دکھایا گیا ہوگا۔
واضح رہے کہ فلم ’پردے میں رہنے دو‘ سے متعلق یہ خبر بھی سامنے آئی ہے کہ فلم اگلے سال سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔