عالمی شہرت یافتہ اداکارہ ماہرہ خان پہلی پاکستانی اداکارہ بن گئیں جنہیں انسٹاگرام پر 5 ملین لوگوں نے فالو کیا۔
سوشل میڈیا موجودہ دور میں ایک دوسرے سے رابطے میں رہنے کا سب سے طاقتور میڈیم ہے جس کے ذریعے نا صرف پرستار اپنے پسندیدہ اسٹارز سے متعلق ہر بات سے باخبر رہتے ہیں بلکہ شوبز اسٹارز بھی سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے چاہنے والوں سے براہ راست رابطے میں رہتے ہیں۔
سوشل میڈیا کی دنیا میں فیس بک اور ٹوئٹر کی اپنی اہمیت ہے لیکن تصاویر شیئر کرنے والی ایپ ’’انسٹاگرام‘‘نے اس پلیٹ فارم پر جس تیزی سے اپنی جگہ بنائی ہے وہ قابل تعریف ہے۔ انسٹاگرام کے ذریعے عام افراد کے ساتھ شوبز اسٹارز بھی تصاویر اور مختصر دورانیے کی ویڈیوز شیئر کرکے لوگوں کو اپنی روزمرہ کی سرگرمیوں سے آگاہ رکھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ دیگر سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی طرح انسٹاگرام پر بھی پاکستانی اداکاراؤں کے فالوورز کی تعداد لاکھوں میں ہے۔
انسٹاگرام پر ویسے تو فنکاروں کو لاکھوں کی تعداد میں لوگ فالو کرتے ہیں لیکن ماہرہ خان نے تمام فنکاروں کو پیچھے چھوڑدیا۔ انسٹاگرام پر ماہرہ خان کے فالوورز کی تعداد 5 ملین ہوگئی ہے اور ماہرہ خان وہ پہلی پاکستانی اداکارہ بن گئی ہیں جنہیں انسٹاگرام پر 5 ملین لوگ فالو کرتے ہیں۔
میک اپ کی معروف برانڈ لورئیل کی برانڈ ایبیسڈرہونے کی حیثیت سے حالیہ پیرس فیشن ویک ہو ، کانز فلم فیسٹول، ایوارڈ کی کوئی تقریب یا کوئی بھی ملکی وغیرملکی ایونٹ ،ماہرہ خان کا منفرد اندازانہیں ہرجگہ ممتاز بناتا ہے، اس لیے سوشل میڈیا پر بھی انہیں پسند کرنے والوں کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔
https://www.instagram.com/p/B3e7WC2BsHX/
اگر دیگر فنکاراؤں کی بات کی جائے تو اداکارہ ایمن خان اور ماورا حسین کو انسٹاگرام پر4.7 ملین لوگ فالوکرتے ہیں۔ سجل علی کے فالوورز کی تعداد4.2 ملین ہے۔ عروہ حسین کے 3.2 ملین، مومنہ مستحسن کے 2.9، مہوش حیات اور نیلم منیر کے 2.8 ملین، صبا قمر کے 2.2 ملین، ارمینا خان کے1.7ملین، صنم بلوچ کے 1.4 ملین، وینا ملک اور اداکارہ میرا کے ایک لاکھ سے زائد فالوورز ہیں۔