لاہور: بنگلہ دیش ویمن کرکٹ ٹیم لاہور پہنچ گئی ہے جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ کی انتظامیہ نے ان کا بھرپور استقبال کیا۔
علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر بنگلہ دیشی ٹیم کو گلدستہ پیش کیے گئے۔بنگلہ دیش ویمن کرکٹ اپنے دورے میں 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلی گی۔
واضح رہے بنگلہ دیش کی ویمن کرکٹ ٹیم کی آمد سے پہلے چار رکنی سیکیورٹی وفد قذافی اسٹیڈیم انتظامات کا جائزہ لیا تھا۔ بنگلہ دیش کے سیکیورٹی وفد نے سیف سٹیز اتھارٹی کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں کیمروں کے ذریعے نگرانی کے نظام بارے آگاہ کیا گیا۔
خیال رہے کہ بنگلہ دیش کی ویمن ٹیم کے بعد انڈر16 ٹیم تئیس اکتوبر کو آئے گی، جبکہ بنگلہ دیش کی قومی کرکٹ ٹیم جنوری دو ہزار بیس میں ٹیسٹ سیریز کے لئے پاکستان پہنچے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے کہ آئندہ تمام بین الاقوامی سیریز کا انعقاد پاکستان کے میدانوں میں ہی کرایا جائے۔
اس ضمن میں رواں ماہ کے آغاز پر سری لنکا کی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کراچی میں تین ایک روزہ میچز کھیلے جس میں قومی ٹیم نے فتح حاصل کی۔
بعد ازاں سری لنکا اور پاکستان کے مابین کے تین میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کا انعقاد لاہور میں کیا گیا۔
سری لنکا کی نوجوان ٹیم نے عالمی نمبر ایک ٹیم کو با آسانی یکطرفہ مقابلے کے بعد تین صفر سے عبرت ناک شکست سے دوچار کیا تھا۔