اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے نواز شریف کی صحت سے متعلق کئے گئے بیان کو مگر مچھ کے آنسو قرار دے دیا ہے۔
مریم اورنگزیب کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ عمران صاحب کا ٹویٹ پاکستانی قوم کی جھوٹی ہمدردی حاصل کرنے کا محض ڈرامہ ہے ۔مسلم لیگ ن کی ترجمان نے کہا ’’عمران صاحب سیاسی مخالفین کو سزائے موت کی چکیوں میں رکھ کے ہمدردی کے ٹویٹ کے ڈرامے نہ کریں ۔‘‘
انہوں نے کہا کہ عمران صاحب سیاسی اختلافات ایک طرف لیکن ٹویٹ جاری کرکے ضمیر کی خلش مٹانے کی کوشش نہ کریں ،سچ تو یہ ہے کہ نوازشریف کو اذیت دینے اور ذہنی دباو کے لئے آپ نے مریم نوازشریف کو دوبارہ جیل بھجوایا ۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب آج تک آپ کے کرائے کے ترجمانوں کی زہریلی جھوٹی زبان بند نہیں ہوئی،سچ یہ ہے کہ نوازشریف کی اس حالت کے ذمہ دار آپ ہیں اور آپ کو بخوبی یہ بات معلوم ہے ۔