اسلام آباد:ہائی کورٹ نے العزیزیہ میں نوازشریف کی سزا معطلی کی درخواست کے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بتائیں وہ اس کی مخالفت کریں گے یا نہیں؟ اور مخالفت کی صورت میں حلفیہ بیان دیں کہ وہ سابق وزیراعظم کی صحت کے ذمہ دار ہوں گے۔
مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر شہباز شریف نے وکلا کی وساطت سے آج ہی ہائی کورٹ میں متفرق درخواست دی ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف شدید علیل ہیں لہذا العزیزیہ میں طبی بنیادوں پر سزا معطلی کی درخواست جلد از جلد سماعت کے لیے مقرر کی جائے۔
عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ نوازشریف کی سزا معطلی کی درخواست پر آج ہی سماعت کی جائے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے درخواست منظور کرتے ہوئے منگل کی بجائے آج ہی سماعت کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے چیف سیکرٹری پنجاب، اٹارنی جنرل آفس اور نیب کے پراسیکیوٹر جنرل کو بذریعہ فون عدالت کے حکم سے آگاہ کر دیا ہے۔
ہائی کورٹ نے وزیراعظم، وزیراعلی پنجاب اور چئیرمین نیب کو نمائندہ مقرر کر کے عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔