اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ترجمانوں کا اہم اجلاس آج طلب کر لیا جس میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے آزادی مارچ اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صحت پر تبادلہ خیال ہوگا۔
ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ عمران خان موجودہ صورتحال اور پارٹی کے اس سلسلے میں بیانیے پر ترجمانوں کو بریفنگ دیں گے۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ اجلاس میں ملک میں امن و امان سمیت دیگر سیاسی مسائل زیر بحث آئیں گے۔
مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں آزادی مارچ کراچی سے 27 اکتوبر کو روانہ ہوا تھا جس کی منزل اسلام آباد ہے۔
آزادی مارچ کے شرکا آج راولپنڈی پہنچیں گے جبکہ کل یہ اسلام آباد میں داخل ہوں گے۔
گزشتہ روز جے یو آئی (ف) کے زیر اہتمام اپوزیشن جماعتوں کے آزادی مارچ کے لیے پروگرام کو حتمی شکل دینے کے لیے مقامی رہنماؤں کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ دو مقامات پر تمام حزب اختلاف کی جماعتیں مشترکہ طور پر قافلے والوں کا استقبال کریں گی۔
ذرائع کے مطابق ایک بڑا کیمپ روات ٹی چوک پر قائم کیا جائے گا۔ یہ کیمپ پی ایم ایل (ن)، پی پی پی اور جے یو آئی (ف) مشترکہ طور پر قائم کریں گی۔