بیجنگ:چین نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی جانب سے بلیک لسٹ کئے جانے کے معاملے پر پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر پالیسی پلاننگ آف ایشین افیئر جنرل یاووین نے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف پاکستان کےخلاف کچھ ممالک کی ایماء پر سیاسی ایجنڈے پر کام کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کو بلیک لسٹ پر ڈالنے کی ہر کوشش کو ناکام بنا دے گا، ہم اپنے دوست ملک کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نیشنل ایکشن پلان پر عمل کررہا ہے اور دہشت گردوں کےخلاف لڑرہا ہے، ہم دہشت گردی کے خلاف اقدامات میں پاکستان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔
جنرل یاووین نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کے رکن ممالک فورم کو سیاست سے آلودہ نہ ہونے دیں، اس ادارے کے قیام کا مقصد ممالک کوبلیک لسٹ کرنا نہیں تھا۔