پاکستان اور آئی ایم ایف کے مابین مذاکرات کا دوسرا اور آخری مرحلہ آج سے شروع ہو گا جس میں فریقین کے مابین تکنیکی سطح کے مذاکرات میں ڈیٹا کا تبادلہ کیا گیا۔
پاکستان اور آئی ایم ایف کے مابین مذاکرات کے دوسرے اور آخری مرحلے میں پالیسی لیول کے مذاکرات میں پاکستانی ٹیم کی قیادت مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کریں گے۔
پاکستانی ٹیم میں سیکرٹری خزانہ، گورنر اسٹیٹ بنک اورچیئرمین ایف بی آر شامل ہوں گے جبکہ پالیسی لیول مذاکرات میں آئی ایم ایف وفد کی قیادت مشن ہیڈ کریں گے۔ مذاکرات میں درآمدات میں کمی کے باعث پاکستان کی جانب سے ٹیکس وصولیوں کے ہدف میں کمی کے مطالبے کا امکان ہے جبکہ آئی ایم ایف کونجکاری پروگرام میں پیش رفت پر بریفنگ دی جائے گی۔
مذاکرات میں اکتوبر تا دسمبر کے لیے اہداف پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا جبکہ فریقین کے مابین تکنیکی سطح کے مذاکرات میں ڈیٹا کا تبادلہ کیا گیا اور مذاکرات کی کامیابی کی صورت میں پاکستان کو قرضے کی نئی قسط جاری کی جائے گی۔