برطانوی شہزادہ اور شہزادی کی پاکستان آمد کے بعد نیدر لینڈ کی ملکہ نے پاکستان کے دورے کا اعلان کردیا جلد اسلام آباد آئیں گی اور اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گی۔
تفصیلات کے مطابق نیدرلینڈز کی ملکہ میکسیما زوریٹا رواں ماہ پاکستان کا 3 روزہ دورہ کریں گی، ملکہ کا یہ دورہ 25 سے 27 نومبر تک ہوگا۔
ملکہ میکسیما دورے میں صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کریں گی۔ ملک کی دیگر اعلیٰ شخصیات سے بھی ملاقاتیں ہوں گی، جن میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کے فروغ پر خصوصی گفتگو کی جائے گی۔
یاد رہے کہ فروری 2016 میں بھی ملکہ میکسیما نے پاکستان کا تین روزہ دورہ کیا تھا، ملکہ میکسیما اقوام متحدہ کی خصوصی ترجمان برائے مالیاتی ترقی کی حیثیت سے پاکستان کا دورہ کر رہی ہیں۔ ملکہ کے دورے کا مقصد پاکستان کیلئے مالیاتی ترقی، قرضوں کی فراہمی اور اس سے متعلق دیگر منصوبوں پر بات چیت اور مزید آسانیاں پیدا کرنا ہے۔
یہاں یہ بات بھی توجہ طلب ہے کہ ملکہ میکزیمہ پاکستان کی دعوت پر یہ دورہ کر رہی ہیں۔ ملکہ میکسیما اپنے دورے کے دوران پاکستانی خواتین کو فنانشیل سروسز سے آگاہی کی جانب متوجہ کرنا چاہتی ہیں۔
واضح رہے کہ رواں برس اگست میں پاکستان میں کاروباری ماحول میں بہتری کے باعث نیدرلینڈز نے پٹرولیم اور ایل این جی کے شعبے میں سرمایہ کاری کا اعلان کیا تھا، ڈچ کمپنی رائل ووپاک کے وفد نے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد سے ملاقات میں پاکستان میں 2 ارب 80 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ پیش کیا۔
ڈچ کمپنی نے کیمیکل انڈسٹری میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے پر زور دیا تھا، خیال رہے کہ رائل ووپاک دنیا بھر میں تیل، کیمیکل، خوردنی تیل اور قدرتی گیس سے متعلق مصنوعات کو ذخیرہ کرنے اور سنبھالنے میں مہارت رکھتی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل برطانوی شاہی جوڑے شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن نے 14 سے 18 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ اس دوران جوڑے نے لاہور، چترال سمیت کئی مقامات کا دورہ کیا۔ کامیاب دورے کے دوران شاہی مہمانوں نے صدر مملکت عارف ، وزیراعظم عمران خان سمیت مختلف عہدے داروں سے ملاقاتیں کیں۔ ان کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا۔