خصوصی عدالت نے سنگین غداری کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کو پرویز مشرف کو 5 دسمبر تک بیان ریکارڈ کرانے کا حکم دے دیا۔
سابق صدرپرویزمشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت ہوئی۔ خصوصی عدالت نے تحریری جواب جمع نہ کرانے پراظہار برہمی کیا۔ سرکاری وکیل نے موقف اختیارکیا کہ ہم نے پرویزمشرف کی بریت کی درخواست دائرکررکھی ہے۔
سماعت کے دوران جسٹس وقاراحمد سیٹھ نے ریمارکس دیئے کہ ہم ہائی کورٹ کے فیصلے پرکوئی تبصرہ نہیں کریں گے، آپ نے ہمارے احکامات نہیں پڑھے۔ جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ ہم صرف سپریم کورٹ کے احکامات کے پابند ہیں۔ عدالت نے کیس کی سماعت 5 دسمبرتک ملتوی کرتے ہوئے ہدایت کی کہ 5 دسمبرکو پراسیکیویشن ٹیم پوری تیاری کے ساتھ پیش ہو، اس کے بعد التواء نہیں دیں گے، پرویز مشرف 5 دسمبر سے قبل کسی بھی دن اپنا بیان ریکارڈ کراسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ خصوصی عدالت پرویزمشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کا محفوظ فیصلہ آج سنانے والی تھی لیکن گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصلہ سنانے سے روکنے کی حکومت کی درخواست منظور کرتے ہوئے خصوصی عدالت کو سابق صدر کے خلاف کیس کا فیصلہ سنانے سے روک دیا۔