ایف ائی اے سائبر کرائم ونگ لاہور نے بروقت بڑی کارروائی کرتے ہوئے قرآن پاک کے تحریف شدہ ترجمے کو پلے اسٹور اور ایپ اسٹور پر اپ لوڈ کرنے والا ملزم گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ لاہور کو اطلاع ملی کہ پابندی کے باوجود کچھ افراد جن کا تعلق قادیانی جماعت سے ہے قرآن پاک کے تحریف شدہ ترجمے کو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے والے ہیں، اگر بروقت کارروائی نہ کی گئی تو سارا مواد اپ لوڈ ہو جائے گا۔
ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم وقار احمد کو چنیوٹ سے گرفتار کر لیا اور اس کے قبضے سے قرآن پاک کے تحریف شدہ نسخے، ڈیجٹل میڈیا، لیپ ٹاپ سمیت دیگر مواد برآمد کر لیا۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق فوری اقدامات کے نتیجے میں تحریف شدہ نسخے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ ہونے سے بچ گئے ورنہ انہیں وائرل کردیا جاتا۔
دوران تفتیش پتہ چلا کہ ملزم تحریف شدہ نسخوں کو گوگل اور یوٹیوب پر اپ لوڈ کرنے کی منصوبہ بندی کررہا تھا، اگر وہ اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب ہو جاتا تو گوگل اور یوٹیوب سے ہٹانے میں بڑی مشکلات پیش آتیں۔