30 نومبر کو رات گئے ڈیفنس سے اغوا ہونے والی دعا منگی ازخود گھر پہنچ گئیں ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دعا منگی رات گئے گھر پہنچی ہے تاہم انہوں نے اہل خانہ کو کچھ بتانے سے گریز کیا ہے۔
دوسری جانب پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دعا منگی کے گھر واپس آنے کے حوالے سے تحقیقات کررہے ہیں، آیا یہ تاوان کے عوض رہائی تو نہیں ہے۔
واضح رہے کہ 5 دسمبر کی شب دعا منگی کے اہل خانہ کو انٹرنیٹ سے مشکوک فون کالز موصول ہوئیں تھیں اور ان سے رہائی کے لیے ڈھائی لاکھ ڈالرز تاوان کا مطالبہ کیا گیاتھا۔
دعا منگی کی بازیابی کیلئے وکلا برادری بھی مظاہرہ کیا تھا،مظاہرے میں شریک حبیب الرحمان میمن ایڈوکیٹ کا کہنا تھا کہ دعا منگی کی بازیابی کیلئے وکلا برادری نے 48 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا ہے، بازیابی عمل میں نہ آئی تو نیشنل ہائی وے روڈ مکمل طور پر بلاک کریں گے۔
چند روز قبل پولیس نے ایک گاڑی کو گلشن اقبال سے تحویل میں لیا تھا، جس کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ یہ گاڑی دعا منگی کو اغوا کرنے میں استعمال کی گئی ہے۔
تفتیشی حکام کے مطابق واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ پہلے کسی واردات میں استعمال نہیں کیا گیا،جائے وقوعہ سے ملنے والے نائن ایم ایم خول کا فارنزک مکمل کرلیا گیا ہے خول کسی بھی پرانی واردات میں استعمال ہونے والے اسلحے سے میچ نہیں ہوا ہے۔