وزیراعظم عمران خان 15 دسمبر سے بحرین کا دورہ کریں گے۔ وزیراعظم کو بحرین کے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان 15 دسمبر سے بحرین کا سرکاری دورہ کریں گے، بحرین کے قومی دن کی سرکاری تقریبات میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوں گے۔
دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان کو ایک خصوصی تقریب میں بحرین کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ دیا جائے گا۔ بحرین کے بادشاہ حماد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ، وزیراعظم کو ”کنگ حماد آرڈر آف دا رینیسنس“ سے نوازیں گے۔
دورہ بحرین کے دوران وزیراعظم عمران خان اپنے بحرینی ہم منصب خلیفہ بن سلمان الخلیفہ سے مذاکرات کریں گے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم کی بحرین کے شاہ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ سے بھی ملاقات ہوگی۔ ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات کے علاوہ باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔