وزیراعظم عمران خان نے سانحہ اے پی ایس کی پانچویں برسی پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ معصوموں کے خون نے قوم کو ہر طرح کی انتہا پسندی، دہشت گردی، تشدد اور نفرت کے خلاف متحد کیا۔
عمران خان نے کہا کہ آج ہم سانحہ اے پی ایس کے متاثرین کے لیے دعاگو ہیں اور اپنے نوجوان شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنے پیغام میں مسلح افواج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا ہم عہد کرتے ہیں عسکریت پسندنظریے کو ملک و قوم کویرغمال نہیں بنانے دیں گے۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اپنے پیغام میں کہا کہ سانحہ اے پی ایس کو کبھی فراموش نہں جا سکتا۔ اے پی ایس کے سانحے نے دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کو مزید مستحکم کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سانحہ اے پی ایس ملکی تاریخ کا سیاہ ترین، دلخراش اور ناقابل فراموش واقعہ ہے جس نے معصوم نہتے، بے گناہوں کو شہید کر کے والدین کے ساتھ ساتھ پوری قوم پر ناقابل فراموش غم کے پہاڑ ڈھا دیے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے پیغام میں کہا کہ آرمی پبلک سکول پشاور کے بچوں اور اساتذہ نے عظیم مقصد کے حصول کیلئے اپنی قیمتی جانوں کی عظیم قربانی دی۔
ان کا کہنا تھا کہ پانچ برس قبل معصوم بچوں کے ساتھ بربریت کرنے والے درندے اپنے انجام کو پہنچ چکے ہیں۔ آرمی پبلک سکول کے سانحہ میں شہید ہونیوالے بچے اور اساتذہ کی عظیم قربانیاں رنگ لائی ہیں۔