ووہان: وزارت صحت نے چین میں موجود 4 پاکستانی طلبا میں کرونا وائرس کی تصدیق کر دی ہے۔
معاون خصوصی صحت ظفر مرزا نے کہا ہے کہ وائرس سے متاثرہ شہرووہان میں 500پاکستانی طلبا ہیں جو وہاں کی مقامی یونیورسٹی میں زیرتعلیم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چین میں پاکستانی سفارتخانہ طلبا سے رابطے میں ہے، چاروں پاکستانی طلبا کی صحت میں بہتری آئی ہے۔
ظفر مرزا نے کہا کہ ہم ان طالب علموں کی شناخت سامنے نہیں لانا چاہتے، میڈیا بھی اس معاملے کو جاننے کی کوشش نا کرے،کیونکہ اس سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم چین کے ساتھ ملکر تمام معلومات اکٹھی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،اگر میڈیا کو شناخت مل بھی جائے تو اسے سامنے نا لایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اس بیماری کو روکنے کے لیے اقدامات اٹھا رہا ہے، بیماری سے متعلق پتہ چلا تو 21، 25 اور 27 جنوری کو ٹریول ایڈوائزری جاری کی گئی۔
معاون خصوصی صحت نے بتایا کہ آئندہ چند دنوں میں ایک ہیلپ لائن قائم کی جا رہی ہے، تمام صوبائی حکومتوں، این ڈی ایم اے اور پاک فوج کو خط لکھ چکا ہوں،ہر 48 گھنٹوں کے بعد اس معاملے پر اجلاس ہوتے ہیں۔