اسلام آباد: وفاقی وزارت مذہبی امور نے حج 2020 کے لیے حج کے خواہشمند افراد سے درخواستوں کی وصولی کے لیے نئی تاریخ کا اعلان کردیا ہے۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری سرکلر کے مطابق حج درخواست فارم 25 فروری سے 6 مارچ تک وصول و جمع کروائے جاسکتے ہیں، جس کے حوالے سے تمام مجاز بینکوں اطلاع کردی گئی ہے۔
جاری سرکلر کے مطابق 25 فروری بروز منگل سے درخواستوں کی وصولی کا باقاعدہ آغاز ہو جائے گا۔ درخواستوں کی وصولیاں بغیر کسی تعطیل 6 مارچ تک جاری رہیں گیں۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق ہفتہ اور اتوار کو بھی حج فارم وصول کیے جائیں گے۔ حج درخواست فارم کو کمیوٹرائزڈ اور آسان بنایا گیا ہے۔
سرکلر کے مطابق حج درخواست فارم سے حلف نامہ ختم نہیں کیا گیا۔ کمپیوٹرائزڈ فارمز پر حلف نامہ موجود ہے جہاں درخواست گزار دستخط کرے گا۔
خیال رہے کہ وفاقی کابینہ سے عدم منظوری کے باعث حج درخواستیں وصول کرنے کی پہلی تاریخ میں التوا کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ اس سال 20 جنوری کو سعودی حکومت نے 2020 کے لیے عازمین حج پر 410 ریال کی اضافی فیس لاگو کردی تھی۔