واشنگٹن: امریکہ کے ریاستی ادارے نے بلوچستان کی جلیلہ حیدر سمیت 12 خواتین کو انٹرنیشنل ویمن آف کریج ایوارڈ سے نوازا۔
امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق جن خواتین کو ایوارڈ سے نوازا گیا انہوں نے امن، انصاف، انسانی حقوق، صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے غیر معمولی ہمت اور قائدانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔
بلوچستان سے تعلق رکھنے والی جلیلہ حیدر بلوچستان کی ہزارہ کمیونٹی سے تعلق رکھتی ہیں اور انسانی حقوق کی علمبردار ہیں۔ انہیں بلوچستان کی آئرن لیڈی بھی کہا جاتا ہے۔
جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق بلوچستان کی ’’آئرن لیڈی‘‘ نے بلوچستان کی مقامی کمیونٹی کے لیے بہت زیادہ کام کیا ہے جبکہ انہوں نے خواتین پر تشدد کے خلاف آواز بھی اٹھائی۔ وہ غریب خواتین کو مفت مشاورت اور قانونی خدمات مہیا کرتی ہیں۔
ہزارہ برادری کی پہلی خاتون وکیل حیدر جلیلہ نے ہزارہ برادری کے حقوق کے لیے پرامن بھوک ہڑتال بھی کی تھی۔